(اُردو ایکسپریس) پانچ ہزار مالیت کےکرنسی نوٹ کی بندش کی افواہوں پر گورنر سٹیٹ بینک نے وضاحت جاری کر دی۔
گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے پارلیمانی کمیٹی کو بریفنگ میں بتایا کہ کہ مرکزی بینک نے نئے ڈیزائن کے کرنسی نوٹس کے اجرا سے متعلق تجویز وفاقی کابینہ کو ارسال کر دی ہے جس میں جدید سکیورٹی فیچرز کو شامل کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک کے بورڈ کی جانب سے تمام نئے کرنسی نوٹس کے ڈیزائنز فائنل کر کے وفاقی حکومت کو منظوری کے لیے بھجوا دیے گئے ہیں، اب نئے کرنسی نوٹوں کے اجرا کی حتمی منظوری وفاقی حکومت سے درکار ہے۔
مرکزی بینک کے گورنر کا کہنا تھا کہ تمام مالیت کے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کو تبدیل کیا جا رہا ہے اور نئے نوٹوں کے ڈیزائن اور اجرا میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کروائی جا رہی ہے، علاوہ ازیں پلاسٹک کرنسی نوٹس کو بھی تجرباتی بنیادوں پر متعارف کروانے کا معاملہ زیر غور ہے۔گورنر اسٹیٹ بینک نے واضح کیا کہ پانچ ہزار روپے کے کرنسی نوٹ کو ختم کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔
اس موقع پر چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے کہا کہ پانچ ہزار روپے کے کرنسی نوٹ کے معاملے کو چھیڑنے سے معیشت میں اتار چڑھاؤ آ سکتا ہے۔
جس پر چیئرمین کمیٹی سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ جب گورنر اسٹیٹ بینک واضح کر چکے کہ پانچ ہزار روپے کا نوٹ ختم نہیں کیا جا رہا تو اس معاملے پر بات ہی ختم ہو گئی۔