(اردو ایکسپریس) وزارت مذہبی امور نے حج فلائیٹ کے شیڈول کی تیاری عارضی طور پر روک دی کیونکہ امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر ممکنہ حملوں سے پیدا شدہ کشیدہ صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق موجودہ حالات کے باعث فلائیٹ شیڈول متاثر ہو سکتا ہے، تاہم شیڈول کی تیاری حالات کو مدنظر رکھ کر کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فلائیٹ شیڈول میں ممکنہ تاخیر کے باوجود حاجیوں کے لیے ویزوں کے اجراء کا کام شروع کر دیا گیا ہے اور یہ عمل دن رات جاری ہے، دو تہائی عازمین کو ویزے جاری کر دیے گئے ہیں اور ایک لاکھ 20 ہزار عازمین کے ویزوں کے اجراء کا کام ہفتے اور اتوار کے روز بھی جاری رہا، اس سلسلے میں وزارت کے ملازمین کی ہفتے اور اتوار کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق حج شیڈول کی تیاری تیزی سے جاری ہے اور قومی امکان ہے کہ عید الفطر سے قبل حج شیڈول جاری کر دیا جائے گا، اس شیڈول میں فلائیٹ شیڈول، بلڈنگ بکنگ، روم ایلوکیشن اور دیگر انتظامات شامل ہوں گے اور عازمین کو وزارت کی ویب سائٹ اور پاک حج موبائل ایپ پر دستیاب ہو گا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ عازمین کی تربیت کا دوسرا مرحلہ عید الفطر کے فوراً بعد شروع ہو گا اور تربیت کے لیے مواد اور شیڈول پہلے ہی تیار کر لیا گیا ہے۔