(اُردو ایکسپریس) وزیراعلی ہاؤس جانے کی کوشش پر لاہور میں گرینڈ ہیلتھ الائنس کے مظاہرین اور پولیس میں جھڑپ کے بعد پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا، واٹرکینن کا بھی استعمال کیا گیا، متعدد مظاہرین گرفتار کر لیے گئے، وزیراعلی ہاؤس کی طرف مارچ جاری ہے۔
لاہور میں گرینڈ ہیلتھ الائنس کا احتجاج جاری ہے، مظاہرین نے تمام رکاوٹیں توڑ دیں، پولیس اور مظاہرین میں جھڑپ ہوئی جس کے بعد پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے واٹر کینن کا استعمال بھی کیا۔
گرمی کی شدت کے باعث بیشتر مظاہرین بے ہوش ہوگئے، گرینڈ ہیلتھ الائنس کےصدر ڈاکٹر شعیب نیازی کی بھی حالت خراب ہو گئی۔ بے ہوش مظاہرین کو موقع پر ہی طبی امداد کی گئی۔
پولیس وائی ڈی اے صدر شعیب نیازی اورسلمان حسیب کو ساتھ لے گئی۔ ڈی ایس پی سول لائنز کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز کو مذاکرات کیلئے لے کر جا رہے ہیں۔
ڈاکٹر شعیب نیازی کا کہنا ہے کہ پولیس مذاکرات کا کہہ کر لے جا رہی ہے، اگر ہمیں گرفتار کیا جاتا تو دھرنا جاری رہے گا۔
گرینڈ ہیلتھ الائنس نے کل سے او پی ڈی کے بائیکاٹ کا اعلان کررکھا ہے۔
پنجاب بھر سے آئے بنیادی اور دیہی مراکز صحت ملازمین کا اداروں کی نجکاری کے خلاف دھرنا 12 روز سے جاری ہے۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک مطالبات نہیں مانے جاتے دھرنا جاری رکھیں گے۔