(اُردو ایکسپریس) کراچی کے علاقے لی مارکیٹ میں پڑوسی نے 6 سالہ بچے کو اغواء کر کے زیادتی کا نشانہ بنا کر قتل کیا اور لاش کو بوری میں بند کر کے 3 منزلہ عمارت سے نیچے پھینک دیا۔
پولیس کے مطابق کمسن ولی کو گھر کے باہر سے پیر کی شام اغواء کیا گیا تھا، کئی گھنٹوں کی تلاش میں ناکامی پر نپیئر پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کروایا گیا تھا۔
پولیس نے بتایا ہے کہ بچےکی بوری بند لاش کو تحویل میں لے کر سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
بچے کے اہلِ خانہ نے اعلیٰ حکام سے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ 2 دن سے بچے کو ڈھونڈ رہے تھے، واردات پڑوسی کے گھر میں انجام دی گئی، ملزم نے ہمیں گھر میں داخل نہیں ہونے دیا اور ہمارے ساتھ بچے کو ڈھونڈنے کا ڈرامہ بھی کرتا رہا۔
بچے کی والدہ نے بتایا ہے کہ میرے بچے کی مسخ شدہ لاش بوری میں بند کر کے 3 منزلہ عمارت سے نیچے پھینکی گئی۔
بچے کے والدین نے مطالبہ کیا ہے کہ ہمیں انصاف چاہیے، ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے۔
بچے کے والد نے بتایا ہے کہ میں رکشہ چلاتا ہوں، میری 4 بیٹیاں ہیں اور 1 بیٹا تھا، 6 سالہ مقتول محمد ولی 5 بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا۔
اہلِ علاقہ نے بتایا ہے کہ ملزم حمزہ کو اپنی مدد آپ کے تحت گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا، ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، گرفتار ملزم بچے کا پڑوسی ہے، سنگین جرم میں ملوث ملزم کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔