(اردو ایکسپریس) وفاقی حکومت نے ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی پر مؤثر انداز میں قابو پانے کے لیے نیشنل پاپولیشن کونسل تشکیل دے دی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف 16 رکنی کونسل کے چیئرمین ہوں گے، جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت وفاق اور صوبوں کی اعلیٰ قیادت کو بھی کونسل کا حصہ بنایا گیا ہے۔
وفاقی حکومت نے نیشنل پاپولیشن کونسل کے قیام کا باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف 16 رکنی کونسل کے چیئرمین ہوں گے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو بھی کونسل کا رکن مقرر کیا گیا ہے، جبکہ چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان بھی کونسل میں شامل ہوں گے۔
اس کے علاوہ وفاقی وزیر خزانہ، وزیر منصوبہ بندی، وزیر صحت، وزیر تعلیم، وزیر قانون، وزیر اطلاعات اور وزیر مذہبی امور کو بھی کونسل کا رکن نامزد کیا گیا ہے۔
حکومت کے مطابق نیشنل پاپولیشن کونسل ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کے لیے جامع اور مؤثر پالیسی مرتب کرے گی، جبکہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان آبادی پر قابو پانے سے متعلق اقدامات میں ہم آہنگی پیدا کرے گی۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ آبادی پر قابو پانے کی قومی مہم میں مذہبی اسکالرز، سول سوسائٹی اور نجی شعبے کو بھی فعال کردار دیا جائے گا تاکہ خاندانی منصوبہ بندی اور آبادی کے حوالے سے آگاہی کو مؤثر بنایا جا سکے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ کونسل آبادی سے متعلق قومی پالیسی پر عملدرآمد کا جائزہ لے گی اور اس حوالے سے مختلف اداروں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سفارشات بھی مرتب کرے گی۔