بزنس تازہ ترین

پاکستان کیلئے بڑی معاشی خوشخبری، ٹیکس وصولیاں پہلی بار 13 ٹریلین روپے سے تجاوز کر گئیں

Share:
Spread the love

(اردو ایکسپریس) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ گزشتہ ڈھائی سال کے دوران پاکستان کی ٹیکس وصولیاں تقریباً دوگنی ہو چکی ہیں، جبکہ مالی سال 2025-26 میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مقررہ ہدف سے بڑھ کر 13 ٹریلین روپے سے زائد محصولات جمع کرکے ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔

 

ایف بی آر میں لیڈرشپ اور فیلڈ فارمیشنز سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے مالی سال کے ریونیو ہدف کے کامیاب حصول پرایف بی آرکی پوری ٹیم کو مبارکباد دی۔

 

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کا مقررہ ہدف 12.83 ٹریلین روپے تھا تاہم ادارے نے اس سے بڑھ کر 13 ٹریلین روپے سے زائد ٹیکس وصول کر کے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ محمد اورنگزیب نے کہا کہ ماضی میں اتنی مختصر مدت میں اس نوعیت کا ریونیو ہدف حاصل نہیں کیا گیا۔ ان کے مطابق حکومت نے مالی خسارہ کم ترین سطح پر رکھتے ہوئے مالی سال کامیابی سے مکمل کیا، جو ٹیم ورک، مسلسل اصلاحات اور ایف بی آر کے افسران و عملے کی محنت کا نتیجہ ہے۔

 

انہوں نے بتایا کہ بہتر ریونیو کارکردگی کے باعث مالی خسارے میں نمایاں کمی آئی اور ملکی معیشت کی بنیادیں مزید مضبوط ہوئیں۔

 

وزیر خزانہ کے مطابق ایف بی آر نے مالی سال کے دوران 599 ارب روپے کے ٹیکس ریفنڈز جاری کیے، جبکہ مالی سال کے آخری روز 13.5 ارب روپے کے ریکارڈ ریفنڈز ادا کیے گئے۔

 

وزیر خزانہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جدید ٹیکس نظام، مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال سے ایف بی آر کو مزید مؤثر، شفاف اور ٹیکس دہندگان کے لیے سہولت فراہم کرنے والا ادارہ بنایا جائے گا تاکہ عوامی اعتماد میں مزید اضافہ ہو سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے