تازہ ترین کرائم

کوئٹہ کی سیر سے واپسی پر کراچی کی فیملی پر مستونگ کے قریب فائرنگ، شوہر جاں بحق، بیوی زخمی

Share:
Spread the love

(اردو ایکسپریس) کراچی سے اپنے خاندان کے ہمراہ کوئٹہ کی سیر کرکے واپس جانے والا نوجوان مستونگ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ کی بھینٹ چڑھ گیا، بیوی شدید زخمی ہوگئی جبکہ دونوں کمسن بیٹیاں فائرنگ میں محفوظ رہیں۔

 

پولیس کے مطابق کراچی میں موبائل فون کا کاروبار کرنے والے علی جمیل اپنی بیوی اور 2 بچیوں کے ہمراہ کوئٹہ کی سیر کیلئے آئے تھے۔

 

وہ کوئٹہ کے مختلف مقامات پر سیر و تفریح کے بعد جمعہ کی شب کراچی واپس جارہے تھے تو رات کو راستہ بھول جانے کے باعث قومی شاہراہ سے ہٹ کر دشت کے علاقے کھنڈ پہنچ گئے جہاں دہشت گردوں نے گاڑی روکنے کا اشارہ کیا تاہم نہ رکنے پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں علی جمیل موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ان کی بیوی عائشہ شدید زخمی ہوگئیں۔

 

واقعے میں گاڑی میں سوار ان کی دونوں بچیاں محفوظ رہیں، زخمی خاتون کو کوئٹہ میں صوبائی سنڈیمن اسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا۔

 

صدر کراچی موبائل اینڈ الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن منہاج گلفام کے مطابق متاثرہ خاندان مبینہ طور پر گوگل میپ کی غلط رہنمائی کے باعث دشت کے علاقے کھنڈ پہنچا، کھنڈ کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی ، فائرنگ کے نتیجے میں خاندان کا سربراہ علی جمیل موقع پر جاں بحق ہوا۔

 

مقتول تاجر علی مرتضیٰ جمیل کی نماز جنازہ کراچی میں ادا کردی گئی ہے۔

 

تاجر علی مرتضیٰ جمیل کے قتل پر کراچی موبائل اینڈ الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن نے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

 

دوسری جانب وزیرداخلہ بلوچستان ضیاءلانگو نے کوئٹہ سے کراچی جانے والی فیملی پر حملے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے