(اُردو ایکسپریس) سرگودھا : سات سالہ معصوم منتہا زہرہ کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی ، جس میں بچی کے جسم پر متعدد زخموں کے نشانات پائے جانے اور موت کی وجہ شہ رگ کا کٹنا قرار دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سرگودھا میں سات سالہ معصوم منتہا زہرہ کے بہیمانہ قتل کیس میں تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا، ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں سنسنی خیز اور دلخراش انکشافات سامنے آئے۔
جن میں بتایا گیا کہ کمسن منتہا کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد انتہائی بیدردی سے قتل کیا گیا۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کہا گیا کہ معصوم بچی کے جسم پر متعدد زخموں کے شدید نشانات پائے گئے ہیں جبکہ بچی کی موت کی حتمی وجہ "شہ رگ کا کٹنا” قرار دی گئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فرانزک تجزیے کے لیے ڈی این اے نمونے بھی لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں جبکہ حتمی فرانزک رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق کیس کا مرکزی ملزم محمد ارسلان پہلے ہی مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہو چکا ہے، جبکہ واقعے میں ملوث دیگر نامزد ملزمان کے کردار کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر معاون خصوصی شعیب مرزا نے ڈی پی او سرگودھا صہیب اشرف کے ہمراہ متاثرہ خاندان کے گھر جا کر تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی۔
مشیر وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ حکومتِ پنجاب خود اس کیس کی نگرانی کر رہی ہے اور خاندان کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا۔
پولیس کے مطابق، کیس کا مرکزی ملزم محمد ارسلان پہلے ہی مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہو چکا ہے، جبکہ واقعے میں ملوث دیگر نامزد ملزمان کے کردار کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔