بزنس تازہ ترین

پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتیں؟ عوام کو جمعے کا بے چینی سے انتظار

Share:
Spread the love

(اُردو ایکسپریس) ملک بھر کے پیٹرول صارفین کو جمعے کا شدت سے انتظار ہے کیونکہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان متوقع ہے۔ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ اتار چڑھاؤ کے بعد عوام کو امید ہے کہ حکومت پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر سکتی ہے، جس سے مہنگائی کے بوجھ میں کچھ کمی آئے گی۔ ذرائع کے مطابق اوگرا (آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی) بین الاقوامی قیمتوں، درآمدی لاگت اور ٹیکسوں کی بنیاد پر اپنی سفارشات حکومت کو ارسال کرے گی، جس کے بعد وزارت خزانہ وزیراعظم کی منظوری سے نئی قیمتوں کا اعلان کرے گی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار رہا تو اس کا فائدہ عوام تک منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔

توانائی کے شعبے کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر خام تیل کی قیمتیں 79 سے 80 ڈالر فی بیرل کے قریب برقرار رہتی ہیں اور روپے کی قدر میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں آتی تو پیٹرول کی قیمت میں 30 سے 40 روپے فی لیٹر تک کمی کی گنجائش موجود ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 35 سے 50 روپے فی لیٹر تک کمی ہوسکتی ہے۔بعض ماہرین کا خیال ہے کہ حکومت چاہے تو ٹیکسوں اور لیوی میں ردوبدل کے ذریعے عوام کو 50 روپے فی لیٹر تک کا ریلیف بھی دے سکتی ہے۔ عالمی منڈی میں جمعرات کے روز خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جس کی وجہ امریکہ اور ایران کے درمیان ایک عبوری معاہدہ قرار دیا جا رہا ہے۔ برینٹ کروڈ فیوچرز 2.14 ڈالر (2.69 فیصد) کمی کے بعد 77.41 ڈالر فی بیرل پر آ گئے، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) 2.36 ڈالر (3.07 فیصد) کمی کے بعد 74.43 ڈالر فی بیرل تک گر گیا،متحدہ عرب امارات کا مربن تیل 74 ڈالر فی بیرل میں ٹریڈ ہو رہا ہے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم نے ہدایت دی ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری طور پر عوام تک منتقل کیا جائے تاکہ صارفین کو ریلیف مل سکے۔

علی پرویز نے کہا کہ وزیراعظم، فیلڈ مارشل، وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ کی سفارتی کوششیں مثبت نتائج دے رہی ہیں اور ایران و امریکہ کے درمیان جنگ بندی معاہدہ طے ہونے کے قریب ہے۔ علی پرویز ملک کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے لیے ایک شفاف ہفتہ وار فارمولہ تیار کرنے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، ان کا کہنا تھا کہ اس نئے فارمولے کے ذریعے عوام کو قیمتوں میں ہونے والی تبدیلیوں اور ان کی وجوہات سے بہتر طور پر آگاہی حاصل ہو سکے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے