(اردو ایکسپریس) محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں آج گرم اور مرطوب موسم کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی ہے جبکہ پی ڈی ایم اے نے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور خراب موسم کے باعث احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا ، جڑواں شہروں میں آج مزید بارش کا امکان ہے۔ آج رات خیبر پختونخوا، کشمیر،جنوبی پنجاب،بالائی سندھ اور شمال مشرقی بلوچستان میں بھی تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں آج موسم گرم رہے گا جبکہ مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ اور چارسدہ میں تیز بارش متوقع ہے جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ بھی موجود ہے۔
اسی طرح سوات، چترال، کوہستان، مالاکنڈ اور باجوڑ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ شانگلہ، بٹگرام، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور اور کرم کے مختلف مقامات پر بھی بارش متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ اور کوہستان کے حساس علاقوں میں بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔ ادارے نے مقامی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے شہریوں سے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہوائیں، ژالہ باری اور آسمانی بجلی فصلوں، بجلی کی تنصیبات اور کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ کسانوں اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور موسمی صورتحال سے متعلق سرکاری ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
دوسری جانب بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے شمال مشرقی اضلاع میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔