(اُردو ایکسپریس) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 200 فیصد اور ہاؤس رینٹ الاؤنسز میں 500 فیصد کا اضافہ کیا جائے۔
آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) نے بجٹ 27-2026 سے قبل ملازمین کے حقوق کے لیے اپنے مطالبات حکومت کے سامنے رکھ دیے، اس حوالے سے 6 نکاتی مطالبہ نامہ حکومت کو بھجوا دیا گیا۔
ایپکا قیادت نے دو جون کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کا باقاعدہ اعلان بھی کر دیا ۔
ایپکا نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 200 فیصد اضافہ کیا جائے جبکہ ہاؤس رینٹ، میڈیکل الاؤنس اور دیگر دفتری الاؤنسز میں 500 فیصد اضافہ کیا جائے۔
آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن نے سرکاری اداروں کی ممکنہ نجکاری کے عمل کو فوری اور مستقل طور پر بند کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ایپکا رہنماؤں نے حکومت آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ملک میں جاری بدترین معاشی صورتحال اور مہنگائی کے طوفان نے سرکاری ملازمین اور کلرکوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔
انہوں نےشکوہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں جس تیزی سے مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے، اس سے عام ملازم کی "ٹینشن” 200 فیصد بڑھ چکی ہے، ان حالات میں موجودہ تنخواہوں پر گزارا کرنا اب ممکن نہیں رہا ، حکومت کو ہمارے 6 نکاتی مطالبات بجٹ کا حصہ بناناہوں گے۔