پاکستان تازہ ترین

ایک سے زائد بجلی میٹرز لگانے والوں کیخلاف شکنجہ تیار

Share:
Spread the love

(اردو ایکسپریس) ایک سے زائد سنگل فیز میٹر لگا کر بجلی کے بلوں میں سبسڈی حاصل کرنے والے صارفین کے خلاف کارروائی کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے ایسے صارفین کا ریکارڈ مرتب کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو ایک ہی گھر، دکان یا پراپرٹی پر ایک سے زائد سنگل فیز میٹر لگوا کر پروٹیکٹڈ کیٹیگری کی سبسڈی حاصل کر رہے ہیں۔

 

حکام کا کہنا ہے کہ اس عمل سے بجلی سبسڈی کا اصل مقصد متاثر ہو رہا ہے، کیونکہ حکومت کی جانب سے دی جانے والی رعایت صرف کم بجلی استعمال کرنے والے حقیقی مستحق صارفین کے لیے ہے۔ تاہم بعض صارفین ایک سے زائد میٹرز کے ذریعے اپنی بجلی کی کھپت تقسیم کر کے کم یونٹس ظاہر کرتے ہیں اور یوں پروٹیکٹڈ صارفین والی سبسڈی حاصل کر لیتے ہیں۔بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے اب اس طریقہ کار کو روکنے کے لیے بلوں پر کیو آر کوڈ شائع کرنا شروع کر دیا ہے۔ لیسکو سمیت دیگر کمپنیوں کے بلوں پر موجود یہ کیو آر کوڈ صارفین کے ڈیٹا کی تصدیق اور اضافی میٹرز کی نشاندہی میں مدد دے گا۔

 

ذرائع کے مطابق جن صارفین کے پاس ایک سے زائد میٹرز موجود ہیں، ان کا مکمل ڈیٹا جمع کیا جائے گا۔ اگر کسی صارف کو غیر مستحق قرار دیا گیا تو اس کی سبسڈی ختم کر دی جائے گی اور اسے نان پروٹیکٹڈ کیٹیگری کے ٹیرف کے مطابق بل جاری کیا جائے گا۔

 

حکام کے مطابق نان پروٹیکٹڈ ٹیرف پر منتقل ہونے کے بعد صارفین کے ماہانہ بجلی بلوں میں 8 ہزار سے 10 ہزار روپے تک اضافہ ہو سکتا ہے۔ کمپنیوں نے بجلی کے بلوں پر ملنے والی سبسڈی کی رقم بھی واضح طور پر شائع کرنا شروع کر دی ہے تاکہ صارفین کو معلوم ہو سکے کہ انہیں حکومت کی جانب سے کتنی رعایت دی جا رہی ہے۔

 

حکام کا کہنا ہے کہ کیو آر کوڈ کے ذریعے مطلوبہ معلومات اپ لوڈ نہ کرنے والے صارفین کی سبسڈی بھی ختم کی جا سکتی ہے۔ اس اقدام کا مقصد بجلی سبسڈی کو شفاف بنانا اور صرف حقیقی مستحق صارفین تک پہنچانا ہے۔

 

ذرائع کے مطابق آنے والے دنوں میں بجلی تقسیم کار کمپنیاں اضافی میٹرز رکھنے والے صارفین کے خلاف مزید سخت اقدامات بھی کر سکتی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے