پاکستان تازہ ترین

عدلیہ سیکیورٹی پولیس کی گاڑیاں ایندھن سے محروم،پی ایس او نے فیول سپلائی بند کردی

Share:
Spread the love

(اُردو ایکسپریس) کراچی میں عدلیہ کی سیکیورٹی پر مامور پولیس یونٹ ایندھن بحران کا شکار ہوگیا ہے کیونکہ پی ایس او نے پولیس یونٹ ون کو فیول سپلائی بند کردی ہے۔ سیکیورٹی ون کراچی کا پیٹرول بجٹ مکمل ختم ہوگیا ہے، گاڑیوں کے لیے ایندھن کی فراہمی بھی بند ہوگئی جس سے سپریم کورٹ، ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتوں کی سیکیورٹی متاثر ہوگئی ہے۔ عدالتوں کی سیکیورٹی پر مامور یونٹ کے ایس ایس پی نے صورت حال سے حکومت کو آگاہ کردیا ہے۔ حالات کی سنگینی کے پیش نظر رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ کے مختلف سرکاری ڈیپارٹمنٹس سے رابطے میں ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی معطلی سےعدالتوں سمیت عدلیہ سے وابستہ افسران اور عملے کو خطرات کا سامنا ہوگا۔پی ایس او نے بقایاجات کی عدم ادائیگی پر پولیس یونٹ سیکیورٹی ون کو فیول سپلائی بند کردی ہے، پولیس کے سیکیورٹی ون یونٹ کے ذمے پی ایس او کے 3 کروڑ 77 لاکھ روپے سے زائد واجبات ہیں۔ذرائع کے مطابق بحران سے نمٹنے کے لیےمحکمہ داخلہ سندھ کو اضافی فنڈز کی ہنگامی سمری بھیجی گئی تھی، ہوم ڈیپارٹمنٹ نے فنڈز کی فراہمی کے لیے سمری وزیراعلیٰ کو منظوری کے لیے ارسال کردی ہے۔ مراسلے میں لکھا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تاحال فنڈز کی فراہمی کی سمری پر حتمی فیصلہ نہیں کیا، پولیس حکام کی جانب سے فوری فنڈز کے اجرا اور فیول سپلائی بحال کرنے کا اصرار کیا ہے۔ سیکیورٹی یونٹ ون میں 10 اپریل سے فیول بحران شروع ہوا جبکہ 3 مئی سے سپلائی بند ہے، بحران کے دوران سیکیورٹی یونٹ کو اب تک صرف 63 لاکھ روپے کی جزوی ادائیگی ہوسکی ہے، عدالتی نظام اور ججز کی فول پروف سیکیورٹی برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے