(اُردو ایکسپریس)
بجٹ سے قبل کراچی سمیت ملک بھر کے صارفین کو سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کے نرخوں میں کمی ملنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اگر منظوری مل گئی تو لاکھوں صارفین کو بلوں میں نمایاں ریلیف حاصل ہو سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) بجلی صارفین کو ریلیف فراہم کرنے سے متعلق درخواست پر کل سماعت کرے گی۔ ڈسکوز کی جانب سے جنوری تا مارچ 2026 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت تقریباً 63 ارب 94 کروڑ روپے ریلیف کی درخواست دائر کی گئی ہے۔
درخواست میں بتایا گیا ہے کہ کیپسٹی چارجز میں 36 ارب 84 کروڑ روپے کمی مانگی گئی ہے، جبکہ سسٹم استعمال کے چارجز اور مارکیٹ آپریشن فیس میں 11 ارب 24 کروڑ روپے کمی کی تجویز دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ انکریمنٹل یونٹس کی مد میں 23 ارب 51 کروڑ روپے کمی کی درخواست بھی شامل ہے۔
لاگت کی وصولی کے موجودہ تخمینوں کی بنیاد پر بجلی کے ٹیرف میں کمی بنتی ہے، تاہم فی یونٹ کتنی کمی ہوگی، اس کا حتمی فیصلہ نیپرا سماعت کے بعد کرے گا۔
دوسری جانب عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کی جانب سے بجلی کے نرخوں کو لاگت کی وصولی کے مطابق رکھنے پر زور دیا جا رہا ہے، جس کے باعث توانائی پالیسیوں پر دباؤ بھی برقرار ہے۔اگر نیپرا نے مجوزہ ریلیف منظور کر لیا تو اس سے گھریلو اور صنعتی صارفین دونوں کو فائدہ پہنچ سکتا ہے، جبکہ مہنگائی کے دباؤ میں گھرے عوام کیلئے یہ ایک اہم معاشی ریلیف ثابت ہو سکتا ہے۔