(اردو ایکسپریس) حکومت نے 2027 سےبجلی بلوں پر ان ٹارگٹڈ کراس سبسڈی ختم کرنے کافیصلہ کرلیا۔
یکم جنوری 2027 سےبجلی بلوں پر ان ٹارگٹڈ کراس سبسڈی ختم کرکے صرف مستحق صارفین کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت سبسڈی دینے کا فیصلہ کرلیا گیاہے جبکہ باقی صارفین سے بجلی کی پوری قیمت وصول کی جائے گی۔
ماہانہ 300 یونٹ تک بجلی کےاستعمال پر دی جانےوالی سبسڈی کا یکم جنوری2027 سے خاتمہ کر دیا جائےگااوررعایت ان مستحق افراد تک محدود کر دی جائےگی جو بجلی بل پر موجود کیو آر کوڈ کے ذریعے بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹریشن کروائیں گے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے آئی ایم ایف کو یقین دہانی کروائی ہے کہ آئندہ مالی سال سے 500 ارب روپے سے زائد کی پاورسبسڈی بی آئی ایس پی کو منتقل کر دی جائےگی، گھروں میں ایک سے زائد میٹر لگوا کر سستی بجلی کی سہولت لینے والےبھی سبسڈی سےمحروم ہو جائیں گے۔پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق گھروں میں 2، 3 بجلی میٹرز کی وجہ سے پروٹیکٹڈ صارفین 1 کروڑ سے بڑھ کر 2کروڑ 20لاکھ تک پہنچ چکے ہیں اور موجودہ سبسڈی سسٹم ختم کرنے کیلئے نیا طریقہ کار تیار کیا جا رہا ہے، بجلی صارفین کا ڈیٹا بی آئی ایس پی سے منسلک کیا جائے گا۔
حکومت اگست تک نیا سبسڈی سسٹم ٹیسٹ کرے گی اور یکم جنوری 2027 سے مکمل نافذ کر دیا جائے گا ۔
آئی ایم ایف سے ترقیاتی منصوبوں میں کلائمیٹ ترجیح 30 فیصد تک بڑھانے کا بھی وعدہ کیا گیا ہے۔