تازہ ترین ٹیکنالوجی

ملک بھر میں ایک ہفتے تک انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کا امکان

Share:
Spread the love

(اردو ایکسپریس) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے ملک بھر کے صارفین کو انٹرنیٹ سروس میں ممکنہ سست روی کے حوالے سے آگاہ کر دیا۔کمپنی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سب میرین کیبل کی مرمت کے باعث 11 مئی سے 18 مئی تک انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر متاثر رہ سکتی ہے، جبکہ صارفین کو خاص طور پر شام کے اوقات میں رفتار میں کمی یا سروس میں تعطل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

 

پی ٹی سی ایل کے مطابق یہ مرمتی کام بین الاقوامی کیبل کنسورشیم کی جانب سے کیا جا رہا ہے جس کا مقصد زیرِ سمندر موجود کمیونیکیشن کیبلز کی بہتری اور نیٹ ورک کے استحکام کو یقینی بنانا ہے۔

 

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سب میرین کیبل عالمی انٹرنیٹ ٹریفک کا اہم ذریعہ ہوتی ہیں اور ان میں کسی بھی قسم کی خرابی یا مرمت کے دوران انٹرنیٹ کی رفتار متاثر ہونا ایک معمول کی بات ہے۔

 

کمپنی نے واضح کیا کہ مرمت کا یہ عمل ناگزیر ہے اور اس کے مکمل ہونے کے بعد صارفین کو بہتر، مستحکم اور معیاری انٹرنیٹ سروس فراہم کی جا سکے گی۔

 

پی ٹی سی ایل حکام کا کہنا ہے کہ تکنیکی ٹیمیں صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں تاکہ صارفین کو کم سے کم دشواری کا سامنا کرنا پڑے، کمپنی نے صارفین سے عارضی سست روی پر تعاون اور صبر کی اپیل بھی کی ہے۔دوسری جانب انٹرنیٹ صارفین، فری لانسرز، آن لائن کاروبار سے وابستہ افراد اور طلبہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ شام کے اوقات میں سروس متاثر ہونے سے ان کی روزمرہ سرگرمیاں اور آن لائن کام متاثر ہو سکتے ہیں۔

 

ماہرین کے مطابق پاکستان میں بیشتر انٹرنیٹ ٹریفک سب میرین کیبلز کے ذریعے منتقل ہوتی ہے اسی لیے ان کی مرمت یا خرابی کا اثر ملک بھر کے صارفین پر پڑتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے