(اُردو ایکسپریس) صوابی میں شدید آندھی اور طوفانی موسم کے باعث مختلف علاقوں میں جانی و مالی نقصانات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، باجا گاؤں میں دیوار گرنے کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق ہوگئی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق خراب موسم کے دوران ضلع بھر سے متعدد ایمرجنسی کالز موصول ہوئیں جس کے بعد ریسکیو 1122 کی ٹیمیں مختلف مقامات پر روانہ کر دی گئیں۔ ڈاگئی اور مال لارہ میں آگ لگنے کے واقعات کی اطلاع پر فائر فائٹنگ ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں،کالوخان میں سولر پینل گرنے سے ایک بچہ زخمی ہوگیا، جبکہ یار حسین اڈہ میں ایک بورڈ گرنے سے دو افراد شدید زخمی ہوئے۔ اسی طرح شیوہ کے علاقے میں دیوار گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا، جبکہ ترلاندی میں آسمانی بجلی گرنے کے باعث دو افراد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، ریسکیو 1122 کے مطابق تمام متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔