(اردو ایکسپریس) چین میں آتشبازی کا سامان بنانے والی فیکٹری میں دھماکے کے نتیجے میں کم سے کم 21 افراد ہلاک جبکہ 61 زخمی ہو گئے ۔
چینی میڈیا کے مطابق دھماکہ صوبہ ہونان کے علاقے لیویانگ میں قائم فیکٹری میں شام کو ہوا، اس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر سامنے آنا شروع ہوئیں جن میں پہاڑوں میں گھرے ایک دیہی علاقے میں ایک مقام سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دیتے ہیں اور مسلسل دھماکے ہوتے ہیں دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ بعض قریبی عمارتوں کی چھتیں اڑ گئیں اور آتشی مواد گرنے سے دوسری عمارتوں میں بھی آگ لگی جس پر قابو پا لیا گیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق علاقے میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور حکومت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ریسکیو کی کارروائی کو تیز کرنے کے لیے ماہرین کو بھی اس علاقے کی طرف بھجوا دیا گیا ہے جبکہ 480 سے زائد امدادی کارکن کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ حکام کی جانب سے متاثرہ فیکٹری کے اردگرد تین کلومیٹر تک کنٹرول زون قائم کر دیا گیا ہے اور وہاں سے عام لوگوں کو نکال دیا گیا ہے۔ پولیس نے کمپنی کے انتظامی حکام میں سے کچھ افراد کو گرفتار کیا ہے اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ چین کے صدر شی جن پنگ نے لاپتہ افراد کی تلاش اور واقعے کے ذمہ داروں سے جواب طلبی کے لیے ہرممکن کوشش پر زور دیا ہے۔ یاد رہے کہ لیویانگ چین میں آتش بازی کے سامان کی تیاری کا ایک بڑا مرکز ہے جو چین میں فروخت ہونے والے سامان کا 60 فیصد تیار کرتا ہے اور 70 فیصد تک برآمد کرتا ہے۔