(اردو ایکسپریس) تاجروں نے سمارٹ لاک ڈاؤن کے خلاف اعلانِ جنگ کرتے ہوئے کل سے مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق مری کی مرکزی انجمن تاجران نے حکومت کی جانب سے لگائے گئے اسمارٹ لاک ڈاؤن کو مسترد کرتے ہوئے کل سے غیر معینہ مدت تک کے لیے مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ تاجروں کا مطالبہ ہے کہ مری کی سیاحتی اہمیت کے پیشِ نظر اسے لاک ڈاؤن سے استثنیٰ دیا جائے۔ مرکزی انجمن تاجران کا کہنا ہے کہ کل صبح سے مری کے تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز، مارکیٹیں اور دکانیں مکمل طور پر بند رہیں گی۔ تاجر رہنماؤں نے کہا کہ مری ایک سیاحتی مقام ہے جہاں معیشت کا دارومدار سیاحت پر ہے۔ اسمارٹ لاک ڈاؤن سے مقامی کاروبار تباہ ہو رہا ہے، اس لیے جب تک استثنیٰ نہیں ملتا، ہڑتال جاری رہے گی۔ تاجروں کی اس احتجاجی کال کو مزید تقویت اس وقت ملی جب ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے بھی شٹر ڈاؤن ہڑتال کی بھرپور حمایت کا اعلان کر دیا، ٹرانسپورٹرز کے شامل ہونے سے مری میں آمد و رفت اور سیاحتی سرگرمیاں مکمل طور پر ٹھپ ہونے کا خدشہ ہے۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ حکومت کو چاہیے کہ مری کے لیے مخصوص معاشی پیکیج یا نرمی کا اعلان کرے تاکہ سیاحوں کی آمد کا سلسلہ برقرار رہ سکے اور مقامی لوگوں کا روزگار متاثر نہ ہو۔