(اُردو ایکسپریس) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مزدوروں کے عالمی دن پر خصوصی پیغام میں ورکرز، کان کنوں اور محنت کشوں کی عظمت کو سلام پیش کیا اور صنعتی خدمات کو سراہاہے-
وزیراعلیٰ مریم نواز نے دنیا بھر کے محنت کشوں کو سراہا اورخاندان کا معاشی سہارا بننے والی محنت کش خواتین کی جدوجہد کوخصوصی خراج تحسین پیش کیاہے-وزیراعلیٰ نے محنت کشوں کیلئے مناسب اجرت، محفوظ ماحول، صحت کی سہولیات، بچوں کیلئے معیاری تعلیم یقینی بنانے پر زور دیاہے-
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ پنجاب حکومت مزدوروں کا معیار زندگی بلند کرنے اورخوشحالی کے لیے پرعزم ہے۔ محنت کش اللہ کے دوست ہیں،ہم اللہ کے دوست کی قدر و احترام کرتے ہیں۔ 14لاکھ سے زائد محنت کشوں اور ورکروں کے لئے راشن کارڈ، 3ہزار روپے ماہانہ سبسڈی دی جارہی ہے۔ سوشل سیکیورٹی ہسپتا لوں اور ڈسپنسریز میں لاکھوں محنت کشوں کو روزانہ علاج معالجہ کی مفت سہولت دے رہے ہیں۔مزدوروں کو بنے بنائے فلیٹ دے کر گھر کا مالک بنارہے ہیں۔