(اُردو ایکسپریس) وفاقی وزارت خزانہ نے ماہانہ معاشی آوٹ لک رپورٹ جاری کر دی ہے، اس رپورٹ میں اپریل کے مہینے میں مہنگائی میں اضافے کی نشان دہی ہوئی ہے۔ وزارت خزانہ کی آؤٹ لک میں اپریل میں مہنگائی کی شرح 8 سے9 فیصد کے درمیان رہنے کا تخمینہ بتایا گیا ہے۔ مارچ میں مہنگائی کی شرح 7.30 فیصد تھی ۔ وزارتِ خزانہ نے کہا، علاقہ میں کشیدگی کے باوجود پاکستان کی معیشت مستحکم دکھائی دے رہی ہے۔ جغرافیائی اور سیاسی غیر یقینی صورتحال کے باوجود اہم معاشی اشاریے مستحکم ہیں۔ بڑی صنعتوں ایل ایس ایم میں مسلسل ترقی ہو رہی ہے۔ آٹو موبائل سیکٹر میں نمایاں بحالی ریکارڈ کی گئی ۔سیمنٹ کی ترسیل میں اضافہ نشاندہی کرتا ہے کہ ملکی طلب میں بہتری آ رہی ہے۔ مثبت رفتارکی بنیادپر توقع کی جا رہی ہےکہ معاشی سرگرمیاں مضبوط رہیں گی۔ مشرق وسطیٰ میں جنگ کے باعث سپلائی چین کے جاری مسائل پیدا ہوئے، اس سے عالمی اجناس کی عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔وزارت خزانہ کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ قیمتوں میں اضافے اور سپلائی میں رکاوٹ جیسے خطرات موجود ہیں۔ ترسیلات زر،آئی ٹی برآمدات میں اضافے کی بدولت بیرونی شعبہ مستحکم رہنے کی توقع ہے۔ مجموعی طورمعیشت اپنی ترقی کی رفتاربرقراررکھنے کےلیے بہتر پوزیشن میں دکھائی دیتی ہے۔ مضبوط معاشی بنیادیں اور بروقت حکومتی پالیسیاں ممکنہ منفی اثرات کم کرنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔