پاکستان تازہ ترین

پنجاب فلم سٹی اتھارٹی ایکٹ 2026 پنجاب اسمبلی سے کثرت رائے سے منظور

Share:
Spread the love

(اردو ایکسپریس) پنجاب فلم سٹی اتھارٹی ایکٹ 2026 پنجاب اسمبلی نے کثرت رائے سے منظور کر لیا۔

پنجاب حکومت نے صوبے میں فلم انڈسٹری کے فروغ اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ’’پنجاب فلم سٹی اتھارٹی‘‘ تشکیل دینے کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔

پنجاب اسمبلی نے کثرت رائے سے’’پنجاب فلم سٹی اتھارٹی ایکٹ 2026‘‘ منظور کر لیا ہے، جس کی حتمی منظوری اب گورنر پنجاب دیں گے۔

اس اتھارٹی کے قیام کا بنیادی مقصد فلم سازی، ڈرامہ نگاری اور دستاویزی فلموں کی سرکاری سطح پر سرپرستی کرنا ہے، حکومت پنجاب اس مقصد کے لیے اتھارٹی کے اخراجات اور انڈسٹری کی ترقی کے لیے خصوصی فنڈز فراہم کرے گی۔

نئی فلم پالیسی کے تحت قواعد و ضوابط اور لائسنسنگ کا ایک جامع اور آسان نظام متعارف کرایا جائے گا جبکہ فلم سازوں کے لیے ’’ون ونڈو آپریشن‘‘بھی شروع کیا جائے گا تاکہ تمام تر سہولیات اور اجازت نامے ایک ہی جگہ سے مل سکیں۔منصوبے کے تحت لاہور میں جدید فلم اسٹوڈیوز اور پوسٹ پروڈکشن کی عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں گی، مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو فلم سٹی میں سرمایہ کاری کرنے پر خصوصی مالی مراعات دی جائیں گی،نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے خصوصی ٹریننگ پروگرامز کا آغاز بھی کیا جائے گا، جبکہ فلم سازوں کے لیے فنڈنگ، گرانٹس اور سبسڈی کا نیا طریقہ کار وضع کیا جائے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف پنجاب کی ثقافت، سیاحت اور مثبت تشخص کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں مدد ملے گی بلکہ فلم انڈسٹری سے وابستہ افراد کے مسائل حل کرنے کے لیے یہ اتھارٹی ایک بااختیار ادارے کے طور پر کام کرے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے