(اُردو ایکسپریس) حکومت نے ملک میں بڑھتی ہوئی رہائشی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے شہریوں کو آسان اقساط پر اپنا گھر بنانے اور خریدنے کے لیے ایک بڑے قرضی پروگرام کا اعلان کر دیا ہے۔ بلڈر ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ محسن شیخانی کے مطابق اس منصوبے کے تحت شہریوں کو 20 لاکھ روپے سے لے کر 1 کروڑ روپے تک کا قرض فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ اپنے ذاتی گھر کی تعمیر یا خریداری کر سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی مرحلے میں اس اسکیم کے تحت 50 ہزار گھروں کے لیے قرض فراہم کیا جائے گا جبکہ آئندہ اس کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا۔ منصوبے کے مطابق قرض کی ادائیگی 10 سے 20 سال تک کی آسان ماہانہ اقساط میں کی جا سکے گی جس سے متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کو سہولت ملے گی۔محسن شیخانی نے مزید کہا کہ بینکوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ قرض کی درخواستوں کا پراسس 15 دن کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو فوری سہولت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں اس وقت تقریباً ایک کروڑ گھروں کی کمی ہے جس کے پیش نظر اس منصوبے کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔