(اردو ایکسپریس) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایچ آئی وی کا پھیلاؤ تیزی سے جاری ہے۔
سرکاری رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں ایچ آئی وی کے 2025 میں 498 کیسز رپورٹ ہوئے اور جنوری 2025 سے مارچ 2026 تک 618 نئےایچ آئی وی کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں ہر ماہ اوسطاً 41 سے زائد افراد ایچ آئی وی کا شکار ہوئے، ایچ آئی وی متاثرین میں نوجوان مردوں کی واضح اکثریت ہے جن میں 64 فیصد کیسز بالغ مردوں کے ہیں۔
حکام کے مطابق ایچ آئی وی کے 618 کیسز میں 397 مرد، 106 خواتین، 93 خواجہ سرا اور 22 بچے شامل ہیں،اسلام آباد میں 2026 کی پہلی سہ ماہی میں 120 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جولائی 2025 میں سب سے زیادہ 63 کیسز، جون اور دسمبر میں کم ترین 31، 31 کیسز سامنے آئے۔
ذرائع وزارت صحت کے مطابق یچ آئی وی اب کسی ایک علاقے یا مخصوص گروہ تک محدود نہیں رہا، ہر ماہ درجنوں نئے کیسز کے ساتھ ایچ آئی وی عوامی صحت کا مسئلہ بنتا جا رہا ہے،بچوں میں بھی وائرس کی موجودگی تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے۔
ذرائع وزارت صحت کے مطابق14 لڑکوں اور 8 لڑکیوں سمیت مجموعی طور پر 22 بچے متاثر ہوئے ہیں،سال 2025 کے دوران اسلام آباد میں 498 نئے کیسز سامنے آئے، 2026 کی پہلی سہ ماہی میں مزید 120 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ماہرین کاکہناہے کہ نوجوان مردوں میں منشیات کے زیر اثر غیر محفوظ جنسی رویے ایچ آئی وی پھیلنے کی بڑی وجہ ہیں، پاکستان میں ایچ آئی وی کے مریضوں کی اندازاً تعداد تقریباً ساڑھے 3 لاکھ ہے۔