(اُردو ایکسپریس) سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کے باعث اسکول اور کالجز بند کر دئیے گئے، آن لائن کلاسز شروع کردی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے مشرقی صوبے، الباحہ اور عسیر میں مسلسل موسلا دھار بارشوں کے باعث اتوار کو کلاسز معطل رہیں۔ موسمی الرٹ کے پیش نظر اسکولوں میں تدریسی عمل "مدرستی” پلیٹ فارم کے ذریعے آن لائن جاری رہا، دمام، خُبر، قطیف، جبیل، رأس تنورہ اور الاحساء کے تعلیمی اداروں میں آن سائٹ کلاسز بند رہیں۔ الباحہ اور عسیر کی متعدد جامعات نے بھی آن سائٹ کلاسز روک کر آن لائن تعلیم کا آغاز کردیا، تعلیمی اداروں سے متعلق اہم فیصلے نیشنل سینٹر فار میٹرولوجی کی رپورٹ پر کیے گئے۔اس حوالے سے سعودی حکام کا کہنا ہے کہ تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ طلبہ اور عملے کی حفاظت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران موسلا دھاربارش ریکارڈ کی گئی، سب سے زیادہ بارش عسیر اور ریاض کے علاقوں میں ریکارڈ کی گئی۔