(اردو ایکسپریس) وفاقی دارالحکومت میں موٹر سائیکلوں پر ایم ٹیگ کی لازمی تنصیب کے لیے دی گئی ابتدائی مہلت صرف 2 دن میں ختم ہونے والی تھی، تاہم ڈی جی ایکسائز عرفان میمن نے شہریوں کی سہولت کے لیے آخری تاریخ 5 مارچ تک بڑھا دی ہے۔ عرفان میمن نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے مقررہ تاریخ تک اپنی موٹر سائیکلوں پر ایم ٹیگ نصب کروائیں۔ انہوں نے بتایا کہ رمضان المبارک کے پیش نظر ایم ٹیگ سینٹرز کے اوقات کار میں تبدیلی کی گئی ہے اور مختلف سینٹرز پر 24، 12 اور 8 گھنٹے کی شفٹوں میں خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک وفاقی دارالحکومت میں مجموعی طور پر 8,928 موٹر سائیکلوں پر ایم ٹیگ نصب کیے جا چکے ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2,069 موٹر سائیکلوں پر ایم ٹیک نصب کئے گئے،مجموعی طور پر اب تک 2 لاکھ 38 ہزار 80 گاڑیوں کو ایم ٹیگ جاری کیے جا چکے ہیں۔عرفان میمن نے شہریوں سے اپیل کی کہ M-Tag کے حوالے سے مہم میں ہمارا ساتھ دیں،بائکیا اور آن لائن ٹیکسی کی رجسٹریشن کا عمل الگ سے جاری ہے اور تمام اقدامات شہر اور شہریوں کے سفر کو محفوظ بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔