(اردو ایکسپریس) امریکہ میں موجود مہنگائی اور معیارِ زندگی کے مسائل کے پیش نظر یورپی ممالک کے نرم ویزا قوانین اور ٹیکس مراعات امریکیوں کے لیے کشش بن گئے جس کے بعد امریکی شہریوں کی ریکارڈ ہجرت دیکھنے میں آئی ہے۔ دی وال سٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق امریکہ میں مہنگائی، سیاسی کشیدگی اور طرزِ زندگی کے مسائل کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد ریکارڈ سطح پر ملک چھوڑ کر یورپ، ایشیا اور لاطینی امریکہ منتقل ہو رہی ہے۔ امریکہ پہلی بار کئی دہائیوں بعد منفی خالص ہجرت کا سامنا کر رہا ہے۔ امریکہ جو تاریخی طور پر تارکینِ وطن کی منزل سمجھا جاتا تھا، اب شہریوں کی بڑھتی بیرونِ ملک ہجرت کے باعث ایک نئے رجحان سے گزر رہا ہے۔ 2025 میں اندازاً ڈیڑھ لاکھ افراد کے انخلا کے ساتھ امریکہ میں وہ صورتحال پیدا ہوئی جو آخری بار عظیم کساد بازاری کے دوران دیکھی گئی تھی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ اگرچہ حکومت نے غیر قانونی تارکین وطن کی بے دخلی اور ویزا پابندیوں کو اس رجحان کا سبب قرار دیا ۔ تاہم اصل تبدیلی یہ ہے کہ امریکی شہری خود بڑی تعداد میں دوسرے ممالک منتقل ہو رہے ہیں۔