(اردو ایکسپریس) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کو رات گئے آنکھ کے علاج کے فالو اَپ کے سلسلے میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں اینٹی وی ای جی ایف انجکشن کی دوسری ڈوز دی گئی، انہیں اڈیالہ جیل سے سخت سیکیورٹی میں اسپتال لایا گیا اور طبی کارروائی کے بعد دوبارہ جیل منتقل کر دیا گیا۔ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ منتقلی پہلے سے طے شدہ طبی شیڈول کے تحت کی گئی۔ واضح رہے کہ عمران خان کو دوسری مرتبہ پمز اسپتال لے جایا گیا تھا، اس سے قبل وہ 24 اور 25 جنوری کو بھی آنکھ کے معائنے اور علاج کیلئے اسپتال آئے تھے، اس وقت ڈاکٹروں نے ان کی آنکھ کے علاج کے لیے تین انجکشن تجویز کیے تھے، جن میں سے دوسری خوراک اب دی جا چکی ہے جبکہ تیسرا انجکشن 23 مارچ کو لگائے جانے کا امکان ہے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کو ماہر ڈاکٹروں کے بورڈ نے مکمل طبی معائنے کے بعد انجکشن کی دوسری ڈوز لگائی، بیان میں کہا گیا کہ علاج سے پہلے ان کی باقاعدہ رضامندی حاصل کی گئی۔ بیان کے مطابق، انجکشن آنکھ کے اندر لگایا جانے والا اینٹی وی ای جی ایف انٹراوٹرئیل انجکشن تھا جو ماہر امراض چشم اور ویٹریوریٹینل سرجنز کی نگرانی میں آپریشن تھیٹر میں طے شدہ طبی اصولوں کے تحت دیا گیا، اس عمل کو ڈے کیئر سرجری کے طور پر مکمل کیا گیا جس کے باعث وہ اسی دن اسپتال سے ڈسچارج کر دیے گئے۔