(اردو ایکسپریس) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں میت کو ہسپتال سے گھر پہنچانے کیلئے مفت ایمبولینس سروس فراہم کرنے کی منظوری دی گئی،اجلاس میں وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پنجاب کے بڑے سرکاری اسپتالوں اور ہر تحصیل میں سرکاری وہیکل سروس شروع کرنے کے لیے پلان طلب کر لیا اور کہا کہ پنجاب کی ہر تحصیل میں ہسپتال سے گھر میت لے جانے کیلئے کم از کم ایک وین میسر ہوگی۔ مرحوم کے اہل خانہ 1122پر کال کر کے یا ہسپتال کاؤنٹر سے مفت وین سروس لے سکیں گے، میت منتقلی سروس کی اسمارٹ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ میت کو ہسپتال سے دوسرے شہر لے جانے کی سہولت بھی مفت دی جائے گی۔ مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں پرائیویٹ ایمبولینس سروس کو بھی ریگولائزکرنے پر اتفاق کیا گیا اور پرائیویٹ ایمبولینس سروسز کے ریٹ بھی مقرر کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔