(اردو ایکسپریس) حکومت نے عوام کو مزید ریلیف فراہم کرتے ہوئے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کے بعد مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی بڑی کمی کر دی ہے۔ اس حوالے سے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت میں 9 روپے 66 پیسے کی نمایاں کمی کی گئی ہے۔اوگرا کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی نئی قیمت 170 روپے 88 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے، جبکہ اس سے قبل مٹی کے تیل کی قیمت 180 روپے 54 پیسے فی لیٹر تھی۔ اس فیصلے کے بعد مٹی کے تیل استعمال کرنے والے صارفین کو واضح ریلیف ملنے کی توقع ہے، خصوصاً دیہی علاقوں اور سرد علاقوں میں جہاں مٹی کا تیل گھریلو استعمال، چولہوں اور ہیٹنگ کے لیے بڑی مقدار میں استعمال ہوتا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور حکومتی پالیسی فیصلوں کا نتیجہ ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست عوام تک منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ مہنگائی کے دباؤ کو کم کیا جا سکے