(اُردو ایکسپریس) سوزوکی پاکستان نے حبیب بینک لمیٹڈ کے اشتراک سے ایک نیا ایکسچینج پروگرام متعارف کروا دیاہے.
اس ایکسچینج پروگرام کا مقصد صارفین کو نئی سوزوکی آلٹو ماڈل میں آسانی سے اپ گریڈ کرنے کا موقع دینا ہے۔ اس آفر کے تحت گاڑی مالکان اپنی پرانی گاڑی کو نئے ماڈل کے ساتھ ٹریڈ اِن کر سکتے ہیں اور 9.99 فیصد مارک اپ ریٹ پر نئی سوزوکی آلٹو فنانس کروا سکتے ہیں۔
اس اسکیم میں صارفین صرف ماہانہ 18ہزار999 روپے کی قسط ادا کر کے نئی آلٹو گاڑی گھر لے جا سکتے ہیں، تاہم اصل ماہانہ قسط کا انحصار آپ کی پرانی گاڑی کی قیمت پر ہوگا۔
اس اسکیم کی شرائط کے مطابق یہ ماہانہ اقساط 21 لاکھ روپے کی فرضی پرانی گاڑی کی قیمت پر مبنی ہیں جبکہ باقی رقم حبیب بینک لمیٹڈ کے ذریعے فنانس کی جائے گی۔ سوزوکی نے یہ اقدام آلٹو کی فروخت کو مزید بڑھانے اور صارفین کو لچکدار ادائیگی کے آپشنز فراہم کرنے کے لیے کیا ہے کیونکہ آلٹو پاکستان کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی چھوٹی گاڑیوں میں سے ایک ہے۔
پاکستان آٹوموٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی اگست 2025کی رپورٹ کے مطابق سوزوکی کی تین بڑی ہیچ بیک گاڑیاں آلٹو، کلٹس اور سوئفٹ نے ماہ بہ ماہ اور سال بہ سال بنیادوں پر شاندار ترقی ظاہر کی ہے جو کہ پاکستان میں سوزوکی کی مستحکم پوزیشن کو ظاہر کرتی ہے۔سوزوکی آلٹواب بھی ملک کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی گاڑی ہے جس کی اگست 2025میں 4,193 یونٹس فروخت ہوئیں۔ یہ گزشتہ سال اگست 2024 کے 2,023 یونٹس کے مقابلے میں 107 فیصد کا اضافہ ہے اور جولائی 2025 کے 2,327 یونٹس کے مقابلے میں 80 فیصد ماہانہ اضافہ ظاہر کرتا ہے۔
یہ اسکیم ان افراد کے لیے بہترین موقع ہو سکتی ہے جو آسان قسطوں میں نئی گاڑی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔