(اُردو ایکسپریس) ایپل کے نئے آئی فون 17 پرو میکس میں ایسی بڑی تبدیلی کی جا رہی ہے جو اب تک اس کمپنی کے کسی پرانے اسمارٹ فونز میں دیکھنے میں نہیں آئی تھی۔ ایک نئی لیک کے مطابق آئی فون 17 پرو میکس ایپل کی تاریخ کا طاقتور ترین بیٹری والا فون ہوگا۔ درحقیقت پہلی بار ایپل کے کسی آئی فون کی بیٹری بیشتر اینڈرائیڈ فونز کے برابر قرار دی جاسکے گی۔ اس نئی لیک میں بتایا گیا کہ آئی فون 17 پرو میکس میں 5000 ایم اے ایچ بیٹری دیے جانے کا امکان ہے اور یہ ایپل کا پہلا 5000 ایم اے ایچ بیٹری سے لیس آئی فون ہوگا۔ اس سے پہلے آئی فون 16 پرو میکس میں 4685 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی تھی۔متعدد اینڈرائیڈ فونز میں کم از کم 5000 ایم اے ایچ کی طاقتور بیٹری استعمال کی جاتی ہے جبکہ آئی فونز میں اکثر صارفین بیٹری چارجنگ جلد ختم ہونے کی شکایت کرتے رہتے ہیں۔ آئی فون صارفین کو بیٹری لائف بڑھانے کے لیے مختلف فیچرز استعمال کرنا پڑتے ہیں تو نئے آئی فون 17 پرو میکس میں بڑی بیٹری کے ساتھ ان فیچرز کے ساتھ ان کا فون زیادہ دیر تک کام کرسکے گا۔ خیال رہے کہ آئی فون 17 سیریز کے فونز کو ستمبر میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔ اس سے قبل مختلف رپورٹس میں آئی فون 17 ائیر کے بارے میں کافی لیکس سامنے آئی تھیں۔ یہ نیا فون ایپل کا اب تک کا سب سے پتلا آئی فون ہوگا۔ بلومبرگ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ آئی فون 17 ائیر کی مجموعی موٹائی محض 5.5 ملی میٹر ہوگی جبکہ بیک پر صرف ایک کیمرا موجود ہوگا۔ ایپل اے 19 چپ اور دیگر فیچرز آئی فون 17 اسٹینڈرڈ ماڈل جیسے ہوں گے جبکہ قیمت 900 ڈالرز کے قریب ہوگی۔ رپورٹ کے مطابق یہ ایپل کا پہلا ایسا آئی فون بھی ہوسکتا ہے جس میں کوئی پورٹ نہیں ہوگی۔ جی ہاں واقعی یہ پورٹ فری آئی فون ہوگا جس کے بارے میں افواہیں برسوں سے سامنے آرہی ہیں۔ اب تک کوئی اور ایسا اسمارٹ فون تیار نہیں ہوسکا جس میں کوئی پورٹ موجود نہ ہو تو یہ دنیا کا سب سے پتلا اسمارٹ فون ہوگا ہی اس کے ساتھ ساتھ پہلا پورٹ فری فون بھی ہے