(اُردو ایکسپریس) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ہونے والی اہم ملاقات کا وقت طے پا گیا، یہ ملاقات رات 10 بجے ہوگی، یہ کسی بھی آرمی چیف کی امریکی صدرسے پہلی ملاقات ہے۔
ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور کابینہ سے اہم اور تاریخی ملاقات ہونے جارہی ہے، یہ ملاقات آج امریکا میں ایسٹرن وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے یعنی پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجے کے قریب ہوگی۔
ذرائع نے بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے، فیلڈ مارشل کا یہ تاریخی دورہ پاک امریکا تعلقات اور عالمی سطح پر پاکستان کی عسکری قیادت کی پہچان کی عکاسی کا مظہر ہے، یہ ملاقات علاقائی اور عالمی استحکام میں کلیدی شراکت دار کے طور پر پاکستان کی عسکری قیادت پر بڑھتے ہوئے اعتماد اور اہمیت کی نشاندہی کرتی ہے۔
ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو کسی بھی بھارتی وفد سے پہلے وائٹ ہاؤس میں مدعو کیا گیا، یہ امریکی خارجہ پالیسی میں پاکستان کی اسٹریٹجک ترجیح کا واضح اشارہ ہے، امریکی صدر سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ملاقات اس بات کی غمازی ہے کہ امریکا علاقائی استحکام کو برقرار رکھنے میں پاکستان کے کردار سے بخوبی واقف ہے۔