بزنس تازہ ترین

پبلک ٹرانسپورٹ کے کرائے میں اضافہ

Share:
Spread the love

(اُردو ایکسپریس) وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کیلئے میٹرو بس پر سفر اب مزید مہنگا ہو گیا، 26 مئی 2025 سے اسلام آباد میں پبلک ٹرانسپورٹ کے تمام میٹرو روٹس پر نیا کرایہ نافذ کر دیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی جانب سے جاری کردہ نئی پالیسی کے تحت اورنج لائن، گرین لائن، بلیو لائن اور الیکٹرک فیڈر روٹس پر یکساں کرایہ 100 روپے فی سفر مقرر کیا گیا ہے۔

 

ذہن نشین رہے کہ اس سے قبل مختلف روٹس پر کرایہ 50 سے 90 روپے کے درمیان تھا۔

 

حکام کا کہنا ہے کہ کرایوں میں یہ اضافہ بڑھتی ہوئی آپریشنل لاگت، ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور ٹرانسپورٹ سروسز کے معیار کو برقرار رکھنے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق یہ اقدام ناگزیر ہو چکا تھا تاکہ شہریوں کو بروقت، محفوظ اور معیاری سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

دوسری جانب شہریوں نے کرایے میں اضافے پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ کچھ شہریوں نے اسے معاشی دباؤ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں یہ اضافی بوجھ ہے، جبکہ دیگر شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر اس اضافے سے سروس کے معیار میں بہتری آتی ہے تو یہ فیصلہ قابل قبول ہے۔

 

حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس فیصلے کو بہتر سروس کی فراہمی کیلئے لازمی قدم سمجھتے ہوئے تعاون کریں، تاکہ اسلام آباد میں پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام مزید مؤثر اور جدید بنایا جا سکے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے