بزنس تازہ ترین

تنخواہ دار طبقے کے لیے خوشخبری، ریلیف کا امکان

Share:
Spread the love

(اُردو ایکسپریس) آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آگئی ہے۔ تنخواہ دار طبقے کو انکم ٹیکس میں نمایاں ریلیف دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ بجٹ میں مہنگائی سے متاثرہ تنخواہ دار افراد کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔ رواں مالی سال میں اس طبقے سے حکومت کو توقعات سے زیادہ ٹیکس ملا ہے، جس کے بعد اس بات کا قوی امکان ہے کہ تنخواہ دار طبقے کے تمام ٹیکس سلیبز میں کمی کی جائے۔

ذرائع کے مطابق تمام ٹیکس سلیبز میں 2.5 فیصد تک کی کمی متوقع ہے، جبکہ سالانہ آمدن کی ٹیکس فری حد کو بھی بڑھانے کی تجویز زیر غور ہے۔ موجودہ حد 6 لاکھ روپے سالانہ ہے جسے بڑھا کر 10 لاکھ روپے سالانہ کیے جانے کا امکان ہے۔ اس تبدیلی کے بعد ماہانہ 50 ہزار روپے کمانے والوں کے بجائے اب 83 ہزار روپے ماہانہ کمانے والے بھی ٹیکس سے مستثنیٰ ہو سکتے ہیں۔

 

ماہانہ ایک لاکھ روپے آمدن پر انکم ٹیکس کی شرح 5 فیصد سے کم ہوکر 2.5 فیصد ہو سکتی ہے۔ ماہانہ ایک لاکھ 83 ہزار آمدن پر انکم ٹیکس 15 فیصد کے بجائے 12.5 فیصد ہو سکتا ہے۔ ماہانہ 2 لاکھ 67 ہزار روپے آمدن پر انکم ٹیکس 25 فیصد سے کم ہوکر 22.5 فیصد کیے جانے کا امکان ہے۔ ماہانہ 3 لاکھ 33 ہزار روپے تک کی آمدن پر ٹیکس کی شرح 30 فیصد سے کم ہو کر 27.5 فیصد کی جا سکتی ہے۔

 

 

 

ذرائع کے مطابق کارپوریٹ سیکٹر کو بھی ریلیف دینے پر غور ہو رہا ہے اور انکم ٹیکس کی شرح میں 2.5 فیصد کمی کی تیاری کی جا رہی ہے۔ وزیراعظم نے سپر ٹیکس میں بھی 0.5 فیصد کمی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ تاہم، ان تمام تجاویز پر حتمی منظوری آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کی کامیابی سے مشروط ہے، جو جلد طے پا سکتی ہے۔ عوام کو آئندہ بجٹ میں مہنگائی کے بوجھ سے کچھ ریلیف ملنے کی امید پیدا ہو چکی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے