(اُردو ایکسپریس) ملک بھر میں شدید گرمی سے ستائی عوام کیلئے خوشخبری ، بارشوں کا نیا سسٹم پاکستان میں داخل ہو گیا جس کے بعد کئی علاقوں میں موسم نے کروٹ بدل لی ہے۔
پشاور میں رات کو آنے والی شدید آندھی کے باعث متعدد مقامات پر بجلی کے ٹاور اور سولر پینلز زمین بوس ہو گئے، جس کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان ہوا، زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا، جہاں متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
محکمہ موسمایات کے مطابق اسلام آباد میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا اور درجہ حرارت میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں لاہور میں صبح سویرے تیز ہوائیں چلنے لگیں جبکہ سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی کا سلسلہ تاحال جاری ہے، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوائیں 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
دوسری جانب کراچی میں گرمی کی شدت بدستور برقرار ہے،جس کے باعث صبح سویرے پارہ 30 ڈگری تک پہنچ گیا۔
ماہرینِ موسمیات نے شہریوں کو گرمی سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔
رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا کہ شہری غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور چھتری یا ہیٹ کا استعمال لازمی بنائیں۔