تازہ ترین کھیل

گولڈ میڈل پر 3 کروڑ انعام ؟ حکومت کا کھلاڑیوں کیلئے بڑا اعلان

Share:
Spread the love

(اُردو ایکسپریس) پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے بڑی خوشخبری آگئی۔ حکومت نے کھیلوں کے میدان میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے قومی ہیروز کے لیے کیش انعامات میں غیر معمولی اضافے کی تیاری کرلی۔

ذرائع کے مطابق، وزارت بین الصوبائی رابطہ نے کیش ایوارڈ پالیسی 2025 کے تحت کھلاڑیوں کو ملنے والے انعامات میں تین گنا اضافہ کرنے کی سفارشات تیار کر لی۔ یہ پالیسی جلد ہی وفاقی حکومت سے منظوری کے لیے پیش کی جائے گی۔ مجوزہ پالیسی کے تحت اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے کھلاڑی کو اب تک دیے جانے والے 1 کروڑ روپے کے بجائے 3 کروڑ روپے انعام دینے کی تجویز دی گئی ہے۔ اسی طرح سلور میڈل کے لیے 75 لاکھ کی بجائے 2 کروڑ روپے اور برانز میڈل کے لیے 50 لاکھ کے بجائے 1 کروڑ روپے انعام دینے کی تجویز شامل ہے۔

 

ایشین گیمز میں بھی انعامات میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا رہا ہے۔ گولڈ میڈل پر انعام 75 لاکھ سے بڑھا کر ڈیڑھ کروڑ روپے کرنے کی تجویز ہے، جب کہ سلور میڈل پر انعام 50 لاکھ سے بڑھا کر 70 لاکھ روپے اور برانز میڈل پر انعام 30 لاکھ سے بڑھا کر 50 لاکھ روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

کامن ویلتھ گیمز کے میڈلز کے لیے بھی انعامات میں اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔ گولڈ میڈل کے انعام کو 50 لاکھ سے بڑھا کر 75 لاکھ روپے، سلور میڈل کو 30 لاکھ سے 50 لاکھ روپے اور برانز میڈل کو 20 لاکھ سے 30 لاکھ روپے کرنے کی تجاویز پیش کی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزارت بین الصوبائی رابطہ کی جانب سے یہ بھی تجویز دی گئی ہے کہ دیگر انفرادی اور ٹیم کھیلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کے انعامات میں کم از کم 10 فیصد اضافہ کیا جائے۔ ساتھ ہی کامیاب کھلاڑیوں کو مزید مراعات دینے جیسے کہ روزگار، اسکالرشپس، اور تربیتی سہولیات کی فراہمی سے متعلق سفارشات بھی زیر غور ہیں۔

یہ اقدامات نہ صرف کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کا باعث بنیں گے بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے