(اُردو ایکسپریس) جھنگ چند ریلوے ایمبنکمنٹ کی بریچنگ کا کامیاب آپریشن ، سیلاب سے تحفظ کی کوششیں کی جارہی ہیں،سول انتظامیہ سے مشاورت کے بعد جھنگ چند ریلوے ایمبنکمنٹ کے تین سیکشنز کو دھماکہ خیز مواد سے توڑنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق پاک آرمی کی ٹیموں نے دھماکہ خیز مواد کو استعمال کرتے ہوئے بریچنگ کا عمل سر انجام دیا۔بلاسٹنگ ٹیم نے شاندار کام کرتے ہوئے تینوں سیکشنز کو کامیابی سے توڑ دیا گیا۔پہلا سیکشن دوپہر 1:20 بجے، دوسرا سیکشن شام 3:42 بجے اور تیسرا سیکشن شام 4:19 بجے توڑا گیا ۔اس آپریشن سے جھنگ پل سے گزرنے والے4لاکھ96ہزار کیوسک پانی میں سے 1لاکھ سے ڈیڑھ لاکھ کیوسک پانی کو موڑ دیا گیا، جس سے سیلاب کا رخ تبدیل ہوا۔ سیلابی ریلے کو رخ موڑنے سے 25-30 دیہاتوں کو محفوظ کیا گیا۔یہ بریچنگ آپریشن سیلاب کے پانی کو کنٹرول کرنے اور بڑے شہروں، زرعی اراضی اور بنیادی ڈھانچے کو ممکنہ تباہی سے بچانے کے لیے اہم ثابت ہوا۔