(اُردو ایکسپریس) لاہور میں چوہنگ کے علاقے میں سوشل میڈیا پر سی سی ڈی سے بدلہ لینے کی دھمکیاں دینے والے ملزمان پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گئے۔
تفصیل کے مطابق لاہور میں شاہ گینگ کے 2 اہم کارندے سی سی ڈی چوہنگ سے مقابلے میں ہلاک ہو گئے، ملزمان نے مانووال چوہنگ کے علاقے میں پناہ لے رکھی تھی۔سی سی ڈی چوہنگ نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپا مارا، اس دوران ملزمان نے سی سی ڈی ٹیم پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کے تبادلے میں دونوں ملزمان مارے گئے۔
سی سی ڈی کے مطابق ہلاک ملزمان کی شناخت حسنین اور عمر کے نام سے ہوئی ہے، ان کے ساتھی فیصل آباد میں پہلے ہی مقابلے میں مارے جا چکے ہیں، بتایا گیا کہ ملزمان سی سی ڈی سے بدلہ لینے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، اور انھوں نے سوشل میڈیا پر سی سی ڈی افسران کو دھمکیاں بھی دی تھیں۔سی سی ڈی کا کہنا ہے کہ شاہ گینگ فیصل آباد و گرد و نواح میں خوف کی علامت بن چکی تھی، اور ہلاک ملزمان قتل، اقدام قتل، بھتہ خوری سمیت سنگین جرائم میں مطلوب تھے۔ شاہ گینگ کے 4 ساتھی اب بھی فرار ہیں جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔