پاکستان تازہ ترین

موسلادھار بارش سے مختلف علاقوں میں اربن فلڈنگ،سڑکیں ڈوب گئیں،

Share:
Spread the love

(اُردو ایکسپریس) مون سون کے طاقتور سسٹم کے زیر اثر کراچی میں موسلادھار بارش کا سلسلہ پھر شروع ہوگیا، جس کے سبب مختلف علاقوں میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوگئی جبکہ شہر کی بیشتر شاہراہیں اور گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں اور سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں گلشن معمار، واٹر پمپ، عائشہ منزل، نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن ،گرومندر، لسبیلہ، صدر اور لیاقت آباد اور اطراف میں بارش تیز بارش ہوئی، اس کے علاوہ نارتھ ناظم آباد، حیدری اور ملحقہ علاقوں میں بھی تیز بارش ہوئی۔

موسلادھار بارش کے سبب شہر کی مرکزی سڑکوں کے ساتھ اندرونی گلیوں میں پانی جمع ہوگیا۔ گلشن حدید میں ایک گھنٹے سے موسلادھار بارش سے گلیاں زیر آب آگئیں اور پانی گھروں میں داخل ہوگیا، لوگ اپنا قیمتی سامان محفوظ جگہ ٹھکانے لگانے لگے۔

حسن اسکوائر، نیپا چورنگی، ضیاء کالونی، گلشن شمیم، لیاقت آباد 10 نمبر، جیل چورنگی، کارساز، کورنگی اور ایکسپریس وے سمیت متعدد مقامات پر بارش کا پانی جمع ہوگیا، جس کے سبب ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوگئی۔

بارش کے باعث سندھ ہائیکورٹ کی چھتیں بھی ٹپکنے لگیں جبکہ سندھ سیکرٹریٹ میں پارکنگ شیڈ گرگیا۔ حکام کے مطابق شیڈ کے نیچے پھنسے افراد کو ریسکیو کیا جارہا ہے۔

شہر کے مختلف علاقوں میں 470 سے زائد فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی بھی بند ہوگئی۔ شہر کا 40 فیصد حصہ بجلی سے محروم ہوگیا۔ کراچی کو 2100 میں سے 1630فیڈرز سے بجلی کی فراہمی جاری ہے۔

بلدیہ، بن قاسم، گلشن اقبال، گلستان جوہر، کورنگی، اورنگی، سرجانی، ایف بی ایریا، لیاقت آباد، شاہ فیصل، گلبہار، گولیمار، نصرت بھٹو کالونی، پی ای سی ایچ ایس، نارتھ کراچی اور یوسف گوٹھ میں بجلی بند ہوگئی۔

اس کے علاوہ نیو کراچی، گلستان جوہر، بن قاسم، نارتھ ناظم آباد، پیپلزکالونی، اورنگی، میٹروول، سائٹ، لانڈھی اور پاک کالونی کے علاقے بھی بجلی سے محروم ہوگئے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے