(اُردو ایکسپریس) سیلاب میں پھنسے افراد کو ریسکیو کرنے کے مشن کے دوران خیبرپختونخوا حکومت کا سرکاری ہیلی کاپٹر لاپتہ ہو گیا۔چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کاکہنا ہے کہ خیبرپختونخواحکومت کا سرکاری ہیلی کاپٹرایم آئی 17 لاپتہ ہوگیا،ہیلی کاپٹرباجوڑ میں امدادی سرگرمیوں کیلئے جا رہا تھا،ضلع مہمند میں ہیلی کاپٹر کی تلاش جاری ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈاپور نے کہاکہ ضلع مہمند کی فضائی حدود میں ہیلی کاپٹر سے رابطہ منقطع ہوا، صوبائی حکومت کے ہیلی کاپٹر ایم آئی 17سے رابطہ منقطع ہو گیا، ہیلی کاپٹر باجوڑ کے متاثرہ علاقے سالارزئی میں امدادی سامان لے کر گیاتھا۔ان کاکہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر سے رابطہ قائم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔علاقے میں فوری طور پر ٹیمیں بھیجنے کی ہدایات دے دی ہیں،صوبائی حکومت کا دوسرا ہیلی کاپٹر بونیر میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے۔