(اُردو ایکسپریس) الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے اپوزیشن لیڈر سینیٹ شبلی فراز اور قائد حزب اختلاف عمر ایوب سمیت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 9 سینیٹرز اور ارکان اسمبلی کو نااہل قرار دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے سزا یافتہ اراکین قومی اسمبلی اور سینیٹرز کو ڈی سیٹ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق الیکشن کمیشن نے جن اراکین کو نااہل قرار دیا ہے، ان میں صاحبزادہ حامد رضا، زرتاج گل، جنید افضل ساہی، محمد انصراقبال، رائے حسن نواز، رائے حیدرعلی اور رائے مرتضی اقبال شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام ارکان کو 9 مئی کے مقدمات میں سزائیں ہونے کے بعد نااہل قرار دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی اراکین کی نااہلی کے بعد تمام ارکان قومی اسمبلی اور سینیٹ کی نشستیں خالی قرار دے دی گئی ہیں۔ قومی اسمبلی کی 5 اور سینیٹ کی ایک نشست خالی قرار پائی ہے، اس کے علاوہ پنجاب اسمبلی کی 3 نشستیں خالی قرار دی گئی ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انسداد دہشت گردی عدالت فیصل آباد کے حکم کے تحت یہ سیٹیں خالی قرار دی ہیں۔