پاکستان تازہ ترین

25 جون سے مون سون بارشیں،محکمہ موسمیات نے خوشخبری سنا دی

Share:
Spread the love

(اُردو ایکسپریس) محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں 25 جون سے مون سون بارشوں کی پیشگوئی کردی،محکمہ موسمیات نے اگلے چند روز میں مون سون ہواؤں میں شدت آنے کا امکان ہے۔ آج رات موسم کی صورتحال کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقو ں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ موسم گرم اورشدید حبس برقرار رہنے کا امکان ہے جبکہ کشمیر ، بالائی خیبرپختونخوا اور مشرقی پنجاب میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ منگل کے روز موسم کی صورتحال کے حولے سے موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ ا سلام آباد اور گردونواح میں دن کے دوران مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ موسم گرم اور شدید حبس رہے گا تاہم رات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

 

خیبرپختونخوا کے بیشتر ا ضلاع میں موسم گرم اورشدید حبس برقرار رہنے تاہم رات میں ہری پور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، شانگلہ،کوہستان، مالاکنڈ، سوات، کالام اور لوئر دیر میں تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کی توقع ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے،اس دوران تیز گردآلود ہوائیں چلنے کی توقع ہے جبکہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اورشدید حبس برقرار رہنے کا امکان ہے۔ کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔

آج ریکارڈ زیادہ سےزیادہ درجہ حرارت : سبی 46، تربت، جیکب آباد، دادو 45، نوکنڈی اور خیرپور میں 44ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اورشدید حبس برقرار رہنے تاہم رات کے اوقات میں مری، گلیات ، خطہ پوٹھوہار ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور،شیخوپورہ اورقصورمیں چند مقامات پر تیز ہواؤں/آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ اس سلسلے میں پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے بھر میں آندھی، گرد آلود ہواؤں اور بارشوں کے امکانات کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے،ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 25 جون سے یکم جولائی کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسلا دھار بارش، تیز آندھی اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ سمیت دیگر اضلاع میں بارشیں متوقع ہیں جن سے گرمی کی شدت اور ہیٹ ویو میں واضح کمی واقع ہوگی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تمام متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو پیشگی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، بلدیاتی ادارے اور لائیو اسٹاک کے محکمے بھی الرٹ پر ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، تیز آندھی اور طوفان کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہری آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے کھلے آسمان تلے جانے سے پرہیز کریں۔ گرج چمک اور طوفانی موسم میں کھلے میدانوں یا درختوں کے نیچے ہرگز نہ جائیں۔ ترجمان پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ ایمرجنسی کی صورت میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر فوری رابطہ کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے