(اُردو ایکسپریس) ملک بھر میں پری مون سون سیزن کا آغاز ہو گیا ,اپر دیر میں موسلادھار بارش کے باعث سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی،ہری پور، شہراور گرد و نواح میں جمعے کی شام تیز آندھی، گرج چمک اور موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں پری مون سون سیزن کا آغاز ہو گیا , اپر دیر میں موسلادھار برسات کے باعث سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی ہے۔ سیاحتی مقام کمراٹ کے مرکزی پل سمیت 3 رابطہ پل سیلابی پانی کی نذر ہو گئے ہیں، جبکہ 4 مکانات اور ایک پاور ہاؤس کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ سیلابی ریلے میں ایک بچے کے بہہ جانے کی بھی اطلاع ملی ہے۔ اپردیر اور گردونواح میں رات گئے ہونے والی تیز برسات کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی تھی۔
ریلوں سے سیاحتی مقام کمراٹ اور جہاز بانڈہ میں 3 رابطہ پل بہہ گئے، کمراٹ کا پل بہہ جانے سے اطراف میں سیرو تفریحی کے لیے جانے والے سیاح بھی پھنس گئے ہیں جب کہ مکینوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارشیں متوقع ہیں، جہاں کہیں ہلکی اور کہیں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے۔ کراچی میں آج صبح سے ہی بادلوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں اور مختلف علاقوں میں بوندا باندی کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا مطلع آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران جزوی طور پر ابر آلود رہے گا جبکہ تیز ہوائیں چلنے کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔ لاہور میں بھی بادل منڈلانے لگے، ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے گرمی کی شدت میں کمی آگئی، محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں میں بارش کی نوید سنا دی۔ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہے گا، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 اور قلات میں 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا