(اردو ایکسپریس) پاک افغان سرحد کے قریب کشیدہ سکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر ضلع انتظامیہ نے 39 تعلیمی اداروں کو ایک ہفتے کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ اقدام طلبہ اور اساتذہ کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ ڈی ڈی او باجوڑ لودان شاہد کے مطابق متاثرہ سکولز میں تحصیل واڑہ ماموند کے 9، لوئی ماموند کے 16، اور ناوگئی کے 14 سکول شامل ہیں،سکول پاک افغان بارڈر کے قریب واقع حساس علاقوں میں ہیں۔ضلع انتظامیہ نے ہدایت کی ہے کہ بندش کے دوران تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی اور سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ہفتے کے بعد دوبارہ بحال کی جائیں گی۔ محکمہ تعلیم باجوڑ نے تمام متعلقہ سکولوں کو نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے اور کہا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد طلبہ اور تدریسی عملے کی سلامتی کو ہر صورت یقینی بنانا ہے۔