(اُردو ایکسپریس) لاہورشہر میں کل سے بارشیں شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ فضائی آلودگی کی صورتحال بدستور تشویشناک ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا کی رفتار 2 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 47 فیصد ہے، کل سے شہر میں 30 فیصد تک بارش کا امکان موجود ہے، جس سے موسم میں خوشگوار تبدیلی متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں فروری کے آخر اور مارچ کے شروع میں ملک کے بالائی علاقوں میں بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔دوسری جانب فضائی آلودگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 267 ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد لاہور آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر آ گیا ہے۔ سی اے پی آر آفس میں AQI کی شرح 288 ریکارڈ کی گئی،ماڈل ٹاؤن میں شرح 257 رہی،ڈی ایچ اے فیز فائیو میں 267 جبکہ سول سیکرٹریٹ میں آلودگی کی شرح 234 نوٹ کی گئی۔