پاکستان تازہ ترین

عمران خان کے پولی گرافک ٹیسٹ کی اجازت کا تحریری فیصلہ جاری

Share:
Spread the love

(اُردو ایکسپریس)

لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کے مقدمات میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے پولی گرافک ٹیسٹ کی اجازت دینے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

اے ٹی سی لاہور کے جج منظر علی گل کی جانب سے جاری کردہ فیصلہ 6 صفحات پر مشتمل ہے، جس میں عدالت نے تفتیشی افسر کو 26 مئی تک پولی گرافک، فوٹوگرامیٹک اور واٹس ایپ وائس میچنگ ٹیسٹ مکمل کرنے کی واضح ہدایات جاری کی ہیں۔

عدالت نے فیصلے میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو بھی حکم دیا ہے کہ وہ ان تمام ٹیسٹوں کیلئے جیل کے اندر ہی ضروری انتظامات مکمل کریں۔ عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ یہ ٹیسٹ ملزم اور پراسیکیوشن دونوں کیلئے فائدہ مند ثابت ہوں گے کیونکہ اس سے عمران خان پر لگائے گئے الزامات کی سچائی جانچنے میں مدد ملے گی۔

فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ پولی گرافک اور وائس میچنگ ٹیسٹ اہم شواہد اور غیر اہم معلومات کے درمیان واضح فرق کرنے کی کوشش ہے، جس کے ذریعے تفتیشی افسر حقیقی نتائج تک پہنچنے میں کامیاب ہوسکے گا۔

دوسری جانب بانی چئیرمیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل نے اعتراض اٹھایا تھا کہ یہ درخواست واقعے کے 727 دن بعد دائر کی گئی ہے۔ تاہم پراسیکیوشن کا مؤقف ہے کہ وہ جسمانی ریمانڈ اور ٹیسٹوں کی اجازت لینے کیلئے مسلسل مختلف عدالتوں سے رجوع کرتے رہے ہیں۔

وکیلِ صفائی نے دعویٰ کیا کہ پراسیکیوشن نے اسی نوعیت کی 12 درخواستیں دائر کیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ معاملے کو طول نہیں دینا چاہتے۔

اے ٹی سی جج نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ سپریم کورٹ کی آبزرویشن کے بعد ہی تفتیشی افسر نے یہ درخواست دائر کی۔ اے ٹی سی لاہور کی جانب سے عمران خان کو 2 مرتبہ نوٹس بھی بھیجے گئے تاہم انہوں نے یہ نوٹس وصول کرنے سے انکار کر دیا۔

عدالت نے پراسیکیوشن کے مؤقف پر مزید زور دیتے ہوئے تفتیشی افسر کو ہدایت دی ہے کہ آئندہ سماعت پر ٹیسٹوں کی رپورٹ عدالت میں جمع کروائی جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے