(اُردو ایکسپریس) تحریک انصاف کے رہنما شفیع جان نے کہاہےکہ عمران خان کو خفیہ طور پر پمز ہسپتال منتقل کیا گیا، عطا تارڑ کے اعتراف نے وفاقی حکومت کا جھوٹ بے نقاب کر دیا، اگر جعلی وفاقی حکومت نے فوری طور پر عمران خان کے ذاتی معالج کو رسائی نہ دی تو سخت لائحہ عمل اختیار کریں گے۔
اپنے ایک بیان میں شفیع جان کا کہنا تھاکہ عمران خان کی صحت پر سنگین خدشات کے باوجود ذاتی معالج تک رسائی روکی جا رہی ہے، یہ کھلاانسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، عمران خان کو ہسپتال لایا گیا مگر فیملی اور وکلاء کو جان بوجھ کر لاعلم رکھا گیا، یہ مجرمانہ غفلت ہے،وفاقی حکومت نے ملک میں ائین و قانون اور عدالتی احکامات ہوا میں اڑا دیے ہیں۔ان کاکہنا تھاکہ ملک کے سابق وزیر اعظم اور مقبول قومی رہنما کے معاملے پر وفاقی حکومت کی بے حسی اور سیاسی انتقام قابل مذمت ہے،عمران خان کے پمز ہسپتال میں طبی معائنے سے متعلق عطا تارڑ کا بیان وفاقی حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے،ہمارا مطالبہ ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو بھی بانی چیئرمین عمران خان تک فوری رسائی دی جائے۔
انہوں نے موقف اپنایاکہ عمران خان سے ملاقات پر غیر قانونی پابندی عائد ہے، پنجاب حکومت عدالتی احکامات کو بھی نظر انداز کر رہی ہے، ملاقات پر پابندی عدالتی احکامات، آئین، جمہوری اقدار اور بنیادی انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے، عمران خان کی سیاست کا محور عوام کی ترقی، جمہوریت کا استحکام اور معاشی مضبوطی ہے۔