پاکستان تازہ ترین

ملک کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش،برفباری کا سلسلہ جاری،درجنوں فیڈرز ٹرپ کر گئے

Share:
Spread the love

(اردو ایکسپریس) ملک کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ پہاڑوں پر وقفے وقفے سے برفباری ہو رہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ بارشوں اور برفباری کا یہ سلسلہ آئندہ 24 گھنٹوں تک جاری رہ سکتا ہے۔کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، نارتھ ناظم آباد، شادمان ٹاؤن اور اطراف میں موسم اچانک سرد ہو گیا۔جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی بارش جاری ہے جس کے باعث سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ مختلف شاہراہوں پر دباؤ بڑھ گیا ہے جبکہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کے افسران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے سڑکوں پر موجود ہیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ اضافی وقت کے ساتھ سفر کریں اور کسی بھی اپ ڈیٹ کے لیے ٹریفک ہیلپ لائن 1915 یا پکار 15 پر رابطہ کریں۔لاہور کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ میانوالی اور گردونواح میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے موسم مزید سرد ہو گیا، جبکہ کاشتکاروں کے مطابق موجودہ بارش گندم کی فصل کے لیے مفید ثابت ہو گی۔رائیونڈ اور اطراف میں بارش اور ژالہ باری کے بعد موسم میں خنکی بڑھ گئی، لیسکو کے متعدد فیڈرز ٹرپ ہونے سے سندر روڈ، سلطانکے، مانگامنڈی سمیت کئی علاقے بجلی سے محروم ہو گئے۔سیالکوٹ کے مختلف علاقوں میں بھی بارش اور ژالہ باری ہوئی، ٹھنڈی ہواؤں کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا، جبکہ بارش کا سلسلہ آئندہ 24 گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ کرک میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش، ڈیرہ اسماعیل خان، پہاڑپور اور گردونواح میں بارش سے موسم خوشگوار مگر سرد ہو گیا۔لواری ٹنل اور اطراف میں بارش اور برفباری جاری ہے، ضلعی انتظامیہ کے مطابق اب تک پانچ انچ برف پڑ چکی ہے۔ این ایچ اے کی مشینری لواری اپروچ روڈ پر سنو کلیئرنس میں مصروف ہے جبکہ تمام راستے ٹریفک کے لیے بحال ہیں۔ مسافروں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے