احمد کپاڈیا کی پاکستان کی ایڈورٹائزنگ اور مارکیٹنگ انڈسٹری پر پہلی کتاب’ایگزیکٹو ڈوڈلز‘ کی رونمائی
لاہور،(اُردو ایکسپریس) : پاکستان کی ایڈورٹائزنگ اور مارکیٹنگ انڈسٹری کے وجود میں آنے کے 77 سال بعد اپنی نوعیت کی پہلی کتاب’ایگزیکٹو ڈوڈلز‘ کی رونمائی کردی گئی ۔ سنرجی گروپ کے چیئرمین اور سی ای او جناب احمد کپاڈیا کی تحریر کردہ یہ کتاب ان کی 20 سالہ فکر انگیز تحریروں کا احاطہ کرتی ہے۔ کتاب کی تقریب رونمائی میں گورنرسندھ جناب محمد کامران خان ٹیسوری نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ دیگر مہمانوں میں مختلف صنعتوں سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات بھی موجود تھیں۔تقریب سے سابق سینیٹر (ر) جاوید جبار نے کلیدی خطاب کیا ، جس کے بعد ممتاز مزاح نگار اور میزبان انور مقصود نے مونولوگ پیش کیا جبکہ اختتامی کلمات اور کتاب کی رونمائی محترم گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کی۔ گورنرسندھ نے کتاب کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مثبت تشہیر کے لئے مارکیٹنگ اور اشتہارات کا کردار اہمیت اختیار کر چکا ہے،ہمیں دنیا کو یہ بتانا ہے کہ پاکستانی ایک پر امن اور روشن خیال قوم ہے،دنیا کو یہ بتانا ہوگا کہ پاکستانی دنیا کے کسی بھی خطہ سے کم نہیں ہیں،ہمیں اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو مزید اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ گورنرسندھ نے مزیدکہا کہ ”ہماری تخلیقی صلاحیتیں دنیا کے ہر کونہ میں اپنے نقش چھوڑنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے، قومی امیج بلڈ نگ کے لیے حکومت اور نجی شعبہ کو مل کر کام کرنا ہو گااور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان کی مثبت تصویر پیش کرنا ہو گی،ہمیں دنیا کو یہ دکھانا ہو گا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ “گورنر سندھ نے کہا کہ شاندار کتاب تحریر کرنے پر مصنف احمد کپاڈیا کو خراج تحسین پیش کرتاہوں،مصنف کے تجربات اور خیالات نوجوانوں کے لئے اہم ثابت ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ احمد کپاڈیا نے ایڈورٹائزنگ اور مارکیٹنگ کو نئی جہت دی، ان کی ترقی پسند سوچ نے اس صنعت میں نئے معیار قائم کئے۔ انہو ں نے کہا کہ احمد کپاڈیا کی فلاحی کاوشوں سے کراچی کے پسماندہ طبقوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔“تقریب میں موجود سامعین سے خطاب کرتے ہوئے، جناب احمد کپاڈیا نے کہا کہ،”میں ہمیشہ سچ بولنے پر یقین رکھتا ہوں ۔ پاکستان میں اپنی نوعیت کی پہلی کتاب کے توسط سے، میں مارکیٹنگ اور اشتہارات کے شعبے میں آنے والوں کو اپنے نقطہ نظر اورمثبت سوچ کے ذریعے ان شعبوں میں مروجہ نظریات کو چیلنج کرنے کی ترغیب دینا چاہتا ہوں۔ Synergyzer نے دو دہائی قبل اس تحریک کا آغازکرتے ہوئے ایسا پلیٹ فارم فراہم کیا جس نے سوچ کے زاویوں کو وسعت دی اور نئے خیالات کا خیرمقدم کیا۔ مجھے امید ہے کہ یہ کتاب اس ورثے کو آگے بڑھائے گی، جس سے جرات مندانہ ، توانا اور اختراعی سوچ کو فروغ ملے گا۔“جناب احمد کپاڈیا کے تجربہ اور بصیرت نے انہیں صنعت میں ایک نئی راہ دکھانے والی انقلابی شخصیت بنا دیا ہے ، جو پاکستان کے ایڈورٹائزنگ اور کمیونیکیشن کے شعبوں میں اہم رجحانات کی عکاسی اور پیش گوئی کرتے ہیں۔ ’ایگزیکٹیو ڈوڈلز‘ کا اجراء اُن کی خدمات کو سراہتا ہے اور صنعت میں جدت ، تخلیقی صلاحیتوں اور بہترین کارکردگی کے لیے سنرجی گروپ کے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔کتاب کی مطبوعہ کاپی www.synergyzer.com پر پری- آرڈر کی جاسکتی ہے اور جلد ہی ایپل ، ایمیزون اور گوگل بکس جیسے عالمی ای بک پلیٹ فارمز پر دستیاب ہوگی۔